بیروت ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات ) اعلانِ یروشلم کے خلاف لبنان کے دارالحکومت بیروت میں امریکی سفارت خانے کے قریب سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال بھی کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کے خلاف مظاہرین احتجاج کر رہے تھے اور انھوں نے سیاہ جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن استعمال کی۔
لبنان میں امریکی سفارت خانہ بیروت کے شمال میں موجود ضلع اوکار کے قریب واقع ہے۔ یہاں کی گلیوں میں موجود مظاہرین نے آگ لگائی اور پتھراؤ کیا۔ سکیورٹی فورسز نے امریکی سفارتخانے کی جانب جانے والے مرکزی راستے کو بند کر دیا تھا۔
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں بھی امریکی سفارت خانے کے باہر ہزاروں افراد نے صدر ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا۔ ان کے ہاتھوں میں موجود بینرز پر یہ جملہ تحریر تھا کہ ’فلسطین ہمارے دلوں میں ہے۔‘
سویڈن کے شہر گوتھنبرگ میں سنیچر کی رات گئے ایک جلتی ہوئی چیز کو یہودیوں کی عبادت گاہ پر پھینکا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ آگے لگانے کی یہ کوشش ناکام رہی تاہم یہودی کمیونٹی کے ایک رہنما ایلن سٹٹزنسکے نے انپے بیان میں اسے ’بڑا خطرہ‘ قرار دیا ہے۔
