میلانو (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) دنیا کے دیگر خطوں کی طرح یورپی ملکوں میں رہنے والے فلسطینی 29 اپریل 2018ء کو اٹلی کے شہر’میلانو‘ میں اپنا سالانہ اجلاس منعقد کررہے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یورپ میں مقیم فلسطینی شہری ’یورپ۔ فلسطین کانفرنس‘ کے عنوان سے منظم ہیں۔ یہ کانفرنس مسلسل گذشتہ 15 سال سے یورپی ملکوں میں باقاعدگی کے ساتھ منعقد کی جاتی ہے۔رواں سال ’یورپ فلسطین کانفرنس‘ ’70 سال کی جلاوطنی کے بعد ہم آرہے ہیں‘ کے عنوان سے منعقد کی جا رہی ہے۔ کانفرنس میں یورپی ملکوں میں مقیم فلسطینی شخصیات، فلسطینیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے یورپی ادارے اور عالمی ادارے شرکت کریں گے۔
یہ کانفرنس ایک ایسے وقت میں منعقد کی جا رہی ہے فلسطینیوں کو ان کے وطن سے نکالے ہوئے 70 برس ہو رہے ہیں۔ معاصر تاریخ کی یہ سب سے بڑی جبری ھجرت ہے جس کے نتیجے میں 70 لاکھ فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے نکال باہر کیا گیا۔ فلسطین سے نکالے گئے شہری اس وقت عرب دنیا سمیت کئی یورپی ملکوں میں رہ رہے ہیں جو آج بھی اپنے حق واپسی کے لیے پُرعزم ہیں۔
کانفرنس میں فلسطین کو درپیش خطرات، القدس کو یہودیانے اور اسے اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کی امریکی صیہونی سازشوں کو ناکام بنانے اور غزہ کی پٹی کے محصورین کی مدد کو یقینی بنانے جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔
