مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے انکشاف کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں فوج کا ایک خفیہ اڈا قائم کیا گیا ہے جسے ’اسدوت ھئیلا‘ کا نام دیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی اخبار ’ہارٹز‘ نے فوجی حکام کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ’سدوت ھئیلا‘ نامی فوجی اڈے کی کمان بریگیڈیئر کے منصب کے ایک فوجی افسر کے پاس ہے۔خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے اس سے قبل فلسطین میں اپنے 10 فوجی اڈوں کی موجودگی کی نشاندہی کر رکھی ہے۔ نیا فوجی اڈا اس فہرست میں اضافہ ہے جس کے بعد مقبوضہ فلسطین میں قائم اسرائیلی فوجی اڈوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔
عبرانی اخبار نے اپنی ویب سائیٹ پر پوسٹ کردہ خبر میں بتایا ہے کہ فوج کی طرف سے پہلی بار ایک نئے فوجی اڈے کی موجودگی کا اعتراف کیا ہے۔ تاہم اس فوجی اڈے کے محل وقوع کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی البتہ اس کے بریگیڈ کمانڈر کا نام ’بنجمن‘ بتایا گیا ہے۔
اسرائیل کی طرف سے سرکاری طور پر باضابطہ اس فوجی اڈے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی اور نہ ہی فوج یا کسی دوسرے ادارے کی طرف سے اس نئے فوجی اڈے کا نقشہ جاری کیا گیا ہے۔
خیال رہے اسرائیلی فضائیہ ملک کی سب سے اہم ترین فورس سمجھی جاتی ہے۔ بحری آپریشنز کے لیے بھی فضائی کارروائیوں پر زیادہ انحصار کیا جاتا ہے۔
