مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اقوام متحدہ نے فلسطینی علاقوں سے اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقبوضہ فلسطین کی صورت حال کے بارے میں اقوام متحدہ کے رپورٹر مائیکل لینک نے صیہونی حکومت کا غاصبانہ قبضہ ختم کرائے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ان علاقوں میں انسانی صورت حال کو تشویشناک قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ کے رپورٹر نے علاقے کے اپنے پانچ روزہ دورے میں فلسطینیوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں منجملہ فلسطینیوں کو اجتماعی طور پر سزائیں دینے، ان کی اراضی پر قبضہ کرنے ، فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا استعمال، غیر قانونی قتل عام، فلسطینیوں کی آزادانہ رفت و آمد پر پابندیاں عائد کرنے، فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی بستیوں کی توسیع اور فلسطینیوں کو ترک وطن پر مجبور کرنے جیسے اقدامات کی شدید مذمت کی۔
اقوام متحدہ کے مذکورہ رپورٹر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی علاقوں سے غاصب صیہونی حکومت کا قبضہ ختم کرانے اور فلسطینی قوم کو اس کا حق دلانے کی کوشش کرے۔
واضح رہے کہ صیہونی حکومت نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دو ہزار سولہ کے آغاز سے صیہونی بستیوں کی توسیع کے لئے فلسطینیوں کی اراضی پر غاصبانہ قبضے کا عمل تیز کر دیا ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ اقوام متحدہ نے تیئیس دسمبر دو ہزار سولہ کو ایک قرارداد میں صیہونی حکومت کی جانب سے صیہونی بستیوں کی تعمیر بند کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے مگر اس کے باوجود غاصب صیہونی حکومت نے غاصبانہ قبضے کی اپنی کارروائی بند نہیں کی ہے ۔