قاہرہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی تنظیموں حماس اور فتح کے درمیان 2011 میں دستخط کیے گئے مصالحتی معاہدے کے نفاذ کے لیے بات چیت کل بروز منگل مصر کے درالحکومت قاہرہ میں ہو گی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فتح تحریک کا ایک وفد قاہرہ روانہ ہو گیا ہے۔ وفد میں قومی مصالحت سے متعلق فتح تحریک کے ذمے دار عزام الاحمد ، جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ ماجد فرج اور فتح تحریک کی مرکزی کمیٹی کے کئی ارکان شامل ہیں۔فلسطینی قومی مصالحت کے جائزے کے واسطے مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ایک اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں مصری وزیراعظم شریف اسماعیل ، وزیر دفاع ، وزیر داخلہ اور جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ نے شرکت کی۔ اس دوران فلسطینی انقسام کے خاتمے کے لیے مصر کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو زیر بحث لایا گیا۔
مصری ایوانِ صدرات سے جاری بیان میں فتح اور حماس تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مصالحت کی پیش رفت جاری رکھیں ، یہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام میں مددگار ہوگی۔
فتح تحریک کی انقلابی کونسل نے قومی وحدت کی واپسی اور قومی مصالحت کو کامیاب بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
ادھر غزہ پٹی میں حماس کے سربراہ یحیی السنوار نے باور کرایا ہے کہ ان کی تنظیم مصالحت کے تمام تر معاملات کو کامیاب بنانے کے لیے سنجیدہ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حماس کسی صورت بھی دوبارہ سے انقسام کی طرف نہیں لوٹے گی۔
