نیویارک – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اقوام متحدہ کے ترقیاتی مرکز نے اعلان کیا ہے کہ سن دو ہزار چودہ میں غزہ میں صیہونی حملوں کے متاثرین کو معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ کے اس ذیلی ادارے نے بتایا ہے کہ غزہ کے ان ایک ہزار ایک سو انتالیس گھرانوں کو نقد رقومات فراہم کی جائیں گی جن کے گھر دوہزار چودہ میں صیہونی حملوں میں تباہ کردئے گئے تھے۔اقوام متحدہ کے ترقیاتی مرکز کے اعلان کے مطابق، جزوی اور مکمل طور پر تباہ شدہ گھروں کی تعمیر نو کے لئے پندرہ لاکھ سینتالیس ہزار ڈالر کا بجٹ فراہم کیا جا چکا ہے۔
البتہ صیہونی جارحیت کے خاتمے کے بعد، اکتوبر سن دو ہزار چودہ کو غزہ کی تعمیر نو کے لئے عرب ممالک اور بعض مغربی ممالک نے قاہرہ اجلاس میں شرکت کی جس میں مجموعی طور پر پانچ اعشاریہ چار ارب ڈالر کی امداد فراہم کرنے کی بات کی گئی تھی، تاہم آج تک یہ رقومات غزہ کے مصیبت زدہ عوام کو نہ مل سکیں۔
غزہ کی تعمیر نو کے لئے، امریکہ نے اکیس کروڑ، یورپ نے ستاون کروڑ اور قطر نے ایک ارب ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ صیہونی حکومت نے جولائی دو ہزار چودہ کو غزہ پٹی کو وسیع حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔
چھبیس اگست دو ہزار چودہ تک جاری رہنے والے ان حملوں میں دو ہزار تین سو بیس عام فلسطینی شہری شہید ہوگئے اور بارہ ہزار رہائشی عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ ایک لاکھ ساٹھ ہزار عمارتوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا تھا۔ واضح رہے کہ صیہونی حملوں میں تباہ شدہ چھے ہزار چھے سو رہائشی مکانات رہنے کے قابل نہیں رہ گئے ہیں۔