لندن – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے دعویٰ کیا ہے کہ سنی مسلک کے پیروکار عرب ممالک غیر متوقع طورپر اسرائیل کے قریب آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے یہ خوشی کی بات ہے کہ سنی عرب ممالک ہمارے گرد اکھٹے ہو رہے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ عرب ممالک اسرائیل کے قریب آ رہے ہیں تاہم انہوں نے ان سنی عرب ممالک میں سے کسی کا نام نہیں لیا۔نیتن یاھو نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کو ایران سے سنجیدہ خطرات لاحق ہیں اور ان خطرات کے تدارک کے لیے خطے کے ممالک کو نئے اتحاد قائم کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ اب ایسےÂ اتحاد بھی بن رہے ہیں جو وہم وگمان میں بھی نہیں تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران یکے بعد دیگرے مشرق وسطیٰ کے ممالک کو اپنی لپیٹ میں لینا چاہتا ہے۔ عراق اور شام کے بعد یمن اور لبنان ایران کا اگلا ہدف ہیں۔
نیتن یاھو نے کہا کہ خطے کے عرب ممالک غیر متوقع طور پراسرائیل کے قریب آ رہے ہیں۔ میری زندگی کا یہ انوکھا تجربہ ہے۔ ماضی میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خطے کے سنی عرب ممالک ایران کا مقابلہ کرنے کے لیے اسرائیل کے قریب آ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیل کے ساتھ براہ راست سفارتی تعلقات دو عرب ممالک مصر اور اردن نے قائم کیے ہیں تاہم کچھ عرصے سے ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں آ رہی ہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دوسرے عرب ملکوں کو بھی اسرائیل کے قریب لانے کے لیے کوشاں ہیں۔
