دمشق (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) شام کی حکومت نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ شام پر دوبارہ حملے کی حماقت نہ کرے۔ اگرشام پرحملہ کیا گیا دشمن کو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شامی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اس سے قبل شام کی زمینی اور فضائی حدود کو پامال کرتا رہا ہے مگر اب صیہونیوں کو اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔شام کے معاون وزیرخارجہ ایمن سوسان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہÂ اسرائیلی فوج اگر شام پر بمباری کرتی ہے تو اسے حیران کن اور ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بار بار اپنے ملک کو صیہونیوں کے ہاتھوں پامال نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی دشمن کو یہ بدگمانی ہے کہ شام میں جوابی کارروائی کی صلاحیت نہیں اور مسلسل خانہ جنگی نے اسے اندر سے دفاع طور پر کم زور دیا ہے۔ شام صیہونی جارحیت کا منہ توڑ اور عبرت انگیز جواب دے گا۔
ایمن سوسان نے کہا کہ صیہونی ریاست گذشتہ ہفتے کے روز کے واقعے کو ذہن میں رکھے۔ شام پر حملوں پراب ہم خاموش نہیں رہیں گے بلکہ دشمن کو اس کا حیران کن جواب دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے اسرائیلی فوج کا ایک جنگی طیارہ شام میں کارروائی کے دوران مار گرایا گیا تھا جس کے بعد صیہونی ریاست سیخ پا ہے اور شام پر مسلسل حملوں کی دھمکیاں دے رہی ہے۔
