دوحہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) سوڈان نے رواں سال اکتوبر میں اسرائیل اور افریقی ممالک کی سربراہ کانفرنس کے انعقاد کو روکنے کے لیے بھرپور کوششیں کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق قطر میں متعین سوڈانی سفیر فتح الرحمان علی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک افریقی، اسرائیلی سربراہ کانفرنس روکنے کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کررہاہے۔ ہم اس کانفرنس کا انعقاد روکنے کے لیے پرعزم ہیں۔دوحہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سوڈانی سفیر نے کہا کہ فلسطین اور اسرائیل کے حوالے سے خرطوم کا موقف واضح ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ان کا ملک اسرائیل اور افریقی ملکوں کے درمیان مفاہمتی معاہدوں کے خلاف ہے۔ ہم افریقی ممالک اور اسرائیل کے درمیان اکتوبر میں ہونے والی سربراہ کانفرنس روکنے کے لیے بھرپور سفارتی جنگ لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل ۔ افریقا سربراہ کانفرنس کے میزبان ملک توگو کو خبردار کیا گیا ہے کہ اس نوعیت کی کانفرنس کے خطے کی سلامتی اور ممالک کے باہمی تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
خیال رہے کہ اسرائیل اور مغربی افریقی ممالک رواں سال اکتوبر میں پہلی سربراہ کانفرنس منعقد کررہے ہیں۔ اس کانفرنس میں اسرائیل اور افریقی ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے، تاہم جنوبی افریقا کے ممالک نے اس کانفرنس کے انعقاد کی مخالفت کرتے ہوئے اسے روکنے کے لیے سفارتی کوششیں شروع کردی ہیں۔ جنوبی افریقا کی حکومت نے بھی توگو کی میزبانی میں ہونے والی نام نہاد سربراہ کانفرنس کا بائیکاٹ کیا ہے۔
