بیروت – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی مساعی سے لبنان میں ماحولیاتی تباہی سے دوچار ایک فلسطینی پناہ گزین کیمپ کو گندگی سے صاف کرتے ہوئے اہالیان کیمپ کو کوڑے کرکٹ سے نجات دے دی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق لبنان کے صور شہر کے داخلی راستے پر واقع فلسطینی پناہ گزین کیمپ ’البص‘ کے قریب کوڑے کرکٹ کے ڈھیر جمع ہوگئے تھے جو کیمپ کے لیے وبائی امراض اور ماحولیاتی المیے کا سبب تھے۔ حماس کی جانب سے مقامی حکومتی شخصیات اور سماجی بہبود کی تنظیموں کے ساتھ مل کر کوڑے کو ٹھکانے لگانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ حماس کی کوششوں سے کوڑے کو ٹھکانے لگانے کے اقدام کو اہالیان کیمپ کی طرف سے سراہا گیا ہے۔لبنان میں حماس کے مندوب علی برکہ اور جماعت کے سیاسی شعبے کے رکن ابو خالد جہاد طہ نے خود موقع پر پہنچ کر ماحولیاتی بحران کے حل کے لیے فلسطینی پناہ گزینوں سے مدد کا یقین دلایا تھا۔ اس کے بعد حماس کی قیادت نے صور شہر کی بلدیہ کے ساتھ مل کر البص کیمپ کے فلسطینی مکینوں کو کوڑے سے نجات کا راستہ نکال ہی لیا۔ صور بلدیہ کے تعاون سے البص کیمپ کے باہر اور اس کے اندر جمع ہونے والے کئی ٹن کوڑے کا صفایا کردیا گیا۔ کوڑے کےڈھیروں کو ٹرکوں پر لاد کر شہر سے باہر منتقل کیا گیا۔
