بیروت – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) بیرون ملک مقیم فلسطینی خواتین کی نمائندہ کانفرنس کل جمعہ 19 مئی سے لبنان کے صدر مقام بیروت میں جاری ہے۔ دو روزہ کانفرنس میں یورپ، خلیجی ممالک، اردن اورترکی میں مقیم 200 سرگرم فلسطینی خواتین اس کانفرنس میں شریک ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق رواں سال فروری میں ترکی میں ہونے والی بیرون ملک فلسطین جنرل کانفرنس کے موقع پر ’فلسطینی خواتین کے کردار‘ کے حوالے سے فلسطینی خواتین کی الگ سے کانفرنس کے انعقاد کی سفارش کی گئی تھی۔بیروت میں ہونے والی فلسطینی خواتین کانفرنس کی انتظامی کمیٹی کی چیئرپرسن سناء السراج نے کانفرنس کے اہداف ومقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک فلسطینی خواتین کو ایک فورم پر جمع کرنے کا مقصد ان کی سماجی، ثقافتی، تعلیمی، سیاسی اور ادبی صلاحیتوں کو مسئلہ فلسطین اور فلسطینی قوم کے حقوق کے حصول کے لیے استعمال کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی خواتین تحریک آزادی فلسطین کا ہراول دستہ ہیں اور انہوں نے اندرون اور بیرون ملک مردوں کے شانہ بہ شانہ خدمات انجام دی ہیں۔
اس موقع پر اردن کی خواتین یونین کی رکن وداد العاروی نے خطاب میں کہا کہ بیروت کانفرنس بیرون ملک مقیم فلسطینیوں کو متحد کرنے کا اہم ذریعہ ثابت ہوگی۔
صحافیہ سلمیٰ الجمل نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے خواتین کا ابلاغی محاذ پر کردار قابل تحسین ہے۔ فلسطینی خواتین نے بیرون ملک رہتے ہوئے فلسطینی قوم کے حقوق کے حصول کے لیے سیاسی، ابلاغی اور سماجی میدانوں میں نمایاں کام کیا ہے۔ فلسطینی خواتین نے اپنی تخلیقی اور علمی صلاحیتوں سے فلسطینی قوم کے بارے میں پائے جانے والے منفی تاثر کو زائل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
