مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ پولیس نے بدعنوانی کے الزامات کا سامنا کرنے والے وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے سیکرٹری سے پوچھ تاچھ شروع کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی نیوز ویب پورٹل ’’وللا‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے پرنسپل سیکرٹری اری ھرو سے حکام نے مبینہ کرپشن کے الزامات کے حوالے سے پوچھ گچھ کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اری ھرو پر الزام ہے کہ اس نے سرکاری عہدہ سنھبالنے کے ساتھ ساتھ اپنی ذاتی ایک کمپنی کو بھی سرکاری وسائل سے فائدہ پہنچایا تھا۔ تاہم اس کیس کا وزیراعظم نیتن یاھو پر کرپشن کے الزامات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔رپورٹ کے مطابق اری ھرو سے پوچھ گچھ تفتیشی یونٹ’’ لھب ۔ 433‘‘ کےاللد شہر میں قائم دفتر میں کی۔ اس موقع پر مسٹر ہرو کے وکیل بھی موجود تھے۔ پولیس نے ان سے بھی ان کے موکل کے بارے میں سوال جواب کیے۔
اطلاعات کے مطابق مسٹر اری ھرو پر دو طرح کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ پولیس دونوں کیسز کی الگ الگ تحقیقات کررہی ہے۔ ایک کیس کی تحقیقات گذشتہ ماہ کی گئی تھیں اور ایر ھرو کو بیرون ملک سے واپسی پر اللد کے ہوائی اڈے پر پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ بعد ازاں تفتیش کے دوران انہیں پانچ دن تک نظر بند رکھا گیا۔
