فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ امریکی جنگی بیڑا’جارج بش‘ ہفتے کے روز حیفا بندرگاہ پہنچا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق امریکی بحری بیڑے کی آمد دونوں ملکوں کےدرمیان فوجی تعاون کا حصہ ہے۔
فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگی بیڑے کی آمد کے بعد اس بیڑے پر اسرائیلی اور امریکی عسکری قیادت ملاقاتیں کرے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگی بیڑا اسرائیل کی سلامتی کی ضمانت دیے جانے سے متعلق امریکی اعلان کے بعد بھیجا گیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی طیارہ بردار جنگی بیڑا’ جارج بش‘ 333 میٹر لمبا ہے جو فی گھنٹہ 30 میل کی رفتار سے سمندر میں سفر کرتا ہے۔ اس پر عملے سمیت 5000 افراد سوار ہو سکتے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی جنگی بیڑے کی حیفا آمد دولت اسلامیہ (داعش) کے خلاف جاری جنگ میں اسرائیل اور امریکا کے درمیان جاری باہمی تعاون کا حصہ ہے۔
