بیروت – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے داعش کو امت مسلمہ کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بیروت میں ایک بڑے اجتماع سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس خطاب کرتے ہوئے سید حسن نصراللہ نے داعش کو امت مسلمہ کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا۔ سید حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے خطے کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے اور حقیقی اسلام کی شبیہ بگاڑ کر امریکہ اور اسرائیل کی بہت بڑی خدمت انجام دی ہے۔سید حسن نصراللہ نے کہا کہ ان کی تنطیم حزب اللہ اور دیگر مزاحمتی قوتیں، تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جنگ کے میدان میں پوری قوت کے ساتھ موجود رہیں گی۔
سید حسن نصراللہ نے صیہونی حکومت کے وزیراعظم بن یامین نیتن یاھو کی جانب سے خطے میں کسی نئے جنگ کے امکان کے بارے میں دیئے گئے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیل نے ایسا کیا تو یہ جنگ کے نتائج کے حوالے سے امریکہ اور اسرائیل کی غلطی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صیہونیوں کو مقبوضہ فلسطین میں لانے والے یہودیوں کو یہ بات ذہن نشین کرلینا چاہیے کہ وہ خطے میں امریکہ کی پالیسیوں کا ایندھن بن چکے ہیں۔
سید حسن نصراللہ نے کہا تھا کہ امریکہ کی حمایت یافتہ وہابی دہشت گرد تنظیم داعش کا خاتمہ قریب ہے لیکن امریکہ داعش کے خاتمہ کے بعد اسے نئی شکل دینے اور خطے میں نئی جنگ چھیڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔
