فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی زندانوں میں دفاع قبلہ اوّل کی پاداش میں پابند سلاسل اسلامی تحریک کے سربراہ الشیخ رائد صلاح کے ساتھ اظہار یکجہتی کی مہم شروع کرنے سے قبل کل سوموار کو ترکی کے شہر استنبول میں عالمی علماء کونسل کے ارکان ایک مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔
اس کے بعد ترکی اور دوسرے مسلمان ملکوں میں الشیخ رائد صلاح کی خدمات کو اجاگر کرنے اورانہیں دی جانے والی سزاؤں پر احتجاجی ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔
اس کےعلاوہ ’ہیش ٹیگ کلنا الشیخ الاقصیٰ‘ کے عنوان سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’ٹوئٹر‘ پر ایک مہم چلائی جائے گی جو 12 نومبر تک جاری رہے گی۔
اس مہم کا مقصد صیہونی ریاست پر الشیخ رائد صلاح کے حوالے سے عالمی سطح پر دباؤ ڈالنا اور ان کی رہائی کی راہ ہموار کرنا ہے۔
خیال رہے کہ اسلامی تحریک کے امیر الشیخ رائد صلاح کو اسرائیلی فوج نے 15 اگست 2017ء کو حراست میں لیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں بدترین حالات میں پابند سلاسل رکھا گیا ہے۔ انہوں نے متعدد بار صیہونی انتظامیہ کے غیر انسانی سلوک پر احتجاج کیا۔ دوران حراست انہیں وحشیانہ تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔
