فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق افریقی ملک توگو کی میزبانی میں 14 افریقی ممالک اور اسرائیل کی سربراہ قیادت اکتوبر کے آخر میں ایک کانفرنس منعقد کررہے ہیں۔ یہ کانفرنس افریقی ملکوں میں صہیونی ریاست کی مداخلت کا ایک نیا باب ثابت ہوسکتا ہے۔ افریقی ملکوں میں عوامی، سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے صہیونی ریاست کے ساتھ راہ ورسم بڑھانے کی مخالفت کی ہے۔
مجوزہ کانفرنس کے خطرناک نتائج کو اجاگر کرنے کے لیے سماجی کارکنان نے سوشل میڈیا، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پرمُہمات چلانے کے ساتھ افریقی ملکوں میں احتجاجی مظاہرے منظم کیے جائیں گے۔
اس ضمن میں 15 سمتمبر کو ’افریقہ صہیونی ریاست سے تعلقات کو مسترد کرتا ہے‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ تین زبانوں عربی، انگریزی اور فرانسیسی میں مہم شروع کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اخبارات اور ٹی وی چینلوں پر بھی اس کانفرنس کے خطرناک نتائج اور منفی اثرات کو اجاگر کیا جائے گا جب کہ افریقی ملکوں میں عوامی سطح پر کانفرنس کا انعقاد روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر جلوس اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔
مہم کے روح رواں منتظمین کا کہنا ہے کہ ان کی کاوشوں کا مقصد افریقی ملکوں کے عوام میں شعور اجاگر کرنا اور انہیں صہیونی ریاست کےساتھ ان ملکوں کے راہ رسم بڑھانے کے خطرناک نتائج بارے آگاہ کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ افریقی ملکوں کی حکومتوں کو بھی یہ باور کرانا ہے کہ ان ممالک کے عوام صہیونی ریاست کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے قیام کو قبول نہیں کرتے۔
