تہران (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے غاصب اسرائیلی حکومت کے وزیراعظم بینجمن نتن یاہو کی دھمکی پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے اگر ایران کے خلاف حماقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئی معمولی سی بھی غلطی کی تو اسے کھنڈرات میں تبدیل کردیا جائے گا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق لبنانی ٹی وی المنار سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں اسرائیلی وزیراعظم کی ڈرامے بازی بچوں کے کھیل کے برابر بھی اہمیت نہیں رکھتی۔اسرائیلی وزیراعظم کی ڈرامے بازی بچوں کے کھیل کے برابر بھی اہمیت نہیں رکھتی ۔
انھوں نے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی حکام ایران کو نہیں پہچانتے اور وہ مزاحمت کی طاقت کو نہیں سمجھتے یہی وجہ ہے کہ وہ ہر بار شکست کھاتے ہیں۔
محسن رضائی نے شام کے اینٹی ایئرکرافٹ سسٹم کے ہاتھوں اسرائیل کے ایف 16جنگی طیارے کی ہونے والی تباہی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ شامی فوج اپنے پیروں پر کھڑی ہوئی ہے اور مزاحمت کی پیشرفت جاری ہے اور غاصب صیہونی حکومت کمزور اور پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہو گئی ہے۔۔
تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سیکریٹری نے امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے کے بارے میں واشنگٹن کے دشمنانہ منصوبے کے بارے میں بھی کہا کہ امریکہ کے اس منصوبے سے فلسطین کی مزاحمتی قوتوں میں آپسی قربت مزید بڑھی ہے اور ان میں اتحاد و یکجہتی بہت اچھی طرح سے وجود میں آئی ہے اور غاصب صیہونی حکومت ان مزاحمتی قوتوں کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔
