مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) علاقائی اورعالمی تنقید کے بعد اسرائیل نے مقبوضہ بیت المقدس کے گرجا گھروں کی املاک پر عائد کردہ ٹیکس معطل کردیا ہے۔ اسرائیلی اعلان کے بعد بہ طور احتجاج بند القیامہ چرچ کو زائرین کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق منگل کو اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے ایک بیان میں کہا کہ القیامہ چرچ اور دیگر گرجا گھروں کی املاک پر عائد کردہ ٹیکسوں کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔خیال رہے کہ فلسطین کے مسیحی رہنماؤں نے چرچوں کے زیرانتظام املاک پر ٹیکسوں کے نفاذ حد درجہ خطرناک اقدام قرار دیا تھا۔ گذشتہ اتوار کو اسرائیلی ٹیکسوں کے نفاذ کے بعد القیامہ گرجا گھر کوبہ طور احتجاج بند کردیا گیا تھا۔
رومن کیتھولک ، رومن ارتھوڈوکس اور ارمن چرچ کی طرف سے گرجا گھروں کی املاک پر ٹیکسوں کی مذمت کرتے ہوئے صیہونی ریاست کے اقدام کےخلاف احتجاج کا فیصلہ کیا تھا۔
مسیحی رہنماؤں نے اسرائیلی اقدام کو غیرمعمولی، غیرمسبوق اور گرجا گھروں پر منظم حملہ قرار دیا تھا۔
