مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی کابینہ نے دریائے اردن کے مغربی کنارے میں واقع سب سے زیادہ گنجان آباد فلسطینی شہر کی توسیع کا منصوبہ منجمد کردیا ہے۔ اسرائیل نے ایک قطع اراضی پر کنٹرول سے دستبرداری کے بدلے میں یہ منصوبہ بنایا تھا لیکن فلسطینیوں کے لیے اس رعایتی تجویز پر صہیونی آبادکاروں نے سخت رد عمل کا اظہار کیا تھا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت اسرائیلی فوج کے کنٹرول میں مغربی کنارے کے علاقوں میں فلسطینیوں کی ترقی کے معاملے پر اب اس ماہ کے آخر میں غور کرے گی۔
اس وقت تک علاقہ سی کے ایک حصے میں قلقلیہ شہر کی توسیع کے لیے تجویز پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔ گذشتہ سال نیتن یاہو کی حکومت نے نہایت خاموشی سے اس منصوبے کی منظوری دی تھی تاکہ فلسطینی شہر کو ایریا سی تک توسیع دے کر دُگنا بڑا کیا جاسکے۔ اس وقت سے صہیونی آباد کار اسرائیلی حکومت کے اس فیصلے کے خلاف احتجاج کررہے ہیں اور انھوں نے اس کو ’’دہشت گردی کا انعام‘‘ قرار دیا تھا۔
