بیروت – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے بغیر پائلٹ جاسوس ڈرون طیاروں نے آج ہفتےکے روز لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے اور ڈورن طیارے دیر تک لبنان کی فضاء میں محو پرواز رہے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں ہفتے کے روز اسرائیل کے ایک بغیر پائلٹ ڈرون طیارے کو بیروت کی فضاء میں کئی کلو میٹر اندر دیکھا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیروت کی فضائی حدود کی خلاف ورزی سنہ 2006ء میں منظور کی گئی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کی کھلی خلاف ورزی ہے۔میڈیا پورٹس کے مطابق اسرائیل کا بغیر پائلٹ جاسوس طیارہ’MK‘ لبنان کے صور اور بیت جبیل کی فضائی حدود میں دیکھا گیا۔
خیال رہے کہ کل جمعہ کو لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر متعین اقوام متحدہ کی امن فوج’یونیفل‘ نے کہا تھا کہ اسرائیلی فوج نے ایک لبنانی چرواہے کو حراست میں لیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یونیفل کےجنرل مائیکل پیری نے صہیونی حکام سے رابطہ کیا ہے اور ان سے لبنانی چرواہے کو رہا کرنے پر بات چیت کی ہے۔