فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عمان میں قائم اسرائیل سے تعلقات مخالف جرنلزم یونین اور دیگر سماجی تنظیموں نے بیرون ملک سرگرم اس گمراہ ٹولے کی اسرائیل میں سرگرمیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خود کو اردن کا بیرون ملک اپوزیشن قرار دینے والا گمراہ ٹولہ اسرائیلی ریاست کی گود میں پل رہا ہے۔ آئے روز یہ گروپ اسرائیل میں مشکوک نوعیت کی کانفرنسیں منعقد کرکے اردن کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کے خلاف بھی زہر اگل رہا ہے۔
یہ گروپ جہاں اردن کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے سرگرم ہے وہیں آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے مطالبے کا بھی مخالف ہے۔
اردنی کمیٹی برائے مخالفت اسرائیل کی طرف سے جاری کردہ بیان میں اس نام نہاد اپوزیشن گروپ کو گمراہ ٹولہ قرار دیتے ہوئے اس کی سرگرمیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک سرگرم یہ گمراہ گروپ اردنی قوم کا نمائندہ نہیں ہاشمی مملکت کے خلاف دشمن قوتوں کے ساتھ مل کر سازشوں میں مصروف عمل ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ نام نہاد بیرون ملک اپوزیشن ٹولہ اسرائیل اور دوسرے دشمن ملکوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور اس کا مقصد اردن کے مفادات اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچاتے ہوئے دنیا بھر میں عمان کی ساکھ کو بدنام کرنا ہے۔
اس کے ساتھ یہ گروپ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا بھی مخالف اور قبلہ اوّل پر صہیونیوں کی جارحانہ کارروائیوں کا پرزور حامی ہے۔اردن اور فلسطینیوں کی مخالفت کی قیمت پرصہیونی ریاست اس مجرم گروپ کی سرکاری سرپرستی کررہی ہے۔
