عمان – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اردن کے دارالحکومت عمان میں قائم امریکی سفارت خانے نے عارضی طور پر اپنی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق امریکی وزارت خارجہ نے اردن میں مقیم امریکیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل وحرکت اور سفر میں احتیاط کریں۔ امریکا سے اردن آنے والے شہریوں کو بھی سفر میں محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ پیش رفت گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے فلسطین کے تاریخی شہر مقبوضہ بیت المقدس کو صیہونی ریاست کا دارالحکومت بنائے جانے کے فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے۔رپورٹ کے مطابق عمان میں امریکی سفارت خانے کی ویب سائیٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے القدس کو صیہونی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کئے جانے کے بعد حالات کشیدہ ہیں اردن اور بیت المقدس کی طرف سفر کرنے والے امریکیوں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
سفارت خانے نے امریکی شہریوں سے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کے اقدام کے بعد پرتشدد مظاہروں کا امکان ہے اور خدشہ ہے کہ ان مظاہروں میں طاقت کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔
سفارت خانے کے ملازمین اور دیگر امریکیوں کو کہا گیا ہے کہ وہ نقل وحرکت اور سفرمیں احتیاط سے کام لیں۔ اردن میں مقیم امریکیوں کو آج اسکولوں میں بھیجنے سے منع کردیا گیا ہے۔
