دوحہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مفتی اعظم الشیخ محمد حسین نے گذشتہ روز دوحہ میں قطری وزیرخارجہ الشیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق دوحہ میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ دلچسپی کے امور فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم، القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے امریکی اعلان اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔خیال رہے کہ مفتی اعظم فلسطین الشیخ محمد حسین دوحہ میں منعقدہ 13 ویں بین المذاہب عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ دو روزہ کانفرنس کے دوران انہوں نے قطر کی سیاسی قیادت اور اہم عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چھ دسمبر 2017ء کو بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیا تھا۔
قطر نے امریکی اعلان القدس کو یکسر مسترد کرتے ہوئے القدس کو فلسطینی مملکت کا دارالحکومت قرار دیے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسرائیل سے سنہ 1967ء سے پہلی والی پوزیشن پر واپس جانے اور ان علاقوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا تھا۔