انقرہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی صدر محمودعباس ترکی کے تین روزہ دورے پر اتوار کی شام انقرہ پہنچے ہیں، جہاں وہ ترک صدر سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اگرچہ صدر محمود عباس کے دورہ ترکی کے دوران ملاقاتوں کا شیڈول جاری نہیں کیا تاہم توقع ہے کہ وہ صدر طیب ایردآن سمیت دیگر حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔خبر رساں ایجنسی ’وفا‘ کے مطابق صدر محمود عباس کے دورہ ترکی کا مقصد دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا۔ باہمی مشاورت اور فلسطین ۔ ترکی دو طرفہ دلچسپی کے معاملات کے حل کے لیے بات چیت شامل ہیں۔
محمود عباس کے ہمراہ ترکی آنے والے دیگرحکام میں فتح کی مرکزی کمیٹی کے رکن اور جماعت کے پارلیمانی لیڈر عزام الاحمد، ایوان صدر کے ترجمان نبیل ابو ردینہ، انٹیلی جنس چیف ماجد فرج، صدر کے مشیراور سفارت کار مجدی الخالدی شامل ہیں جب کہ ملاقاتوں میں ترکی میں فلسطینی سفیر فائد مصطفیٰ بھی موجود ہوں گے۔
