قاہرہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے قاہرہ میں تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں فلسطینیوں کے درمیان طے پائے مصالحتی معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق قاہرہ میں صدر السیسی سے ملاقات کے بعد محمود عباس سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کے لیے ریاض روانہ ہوگئے۔صدر عباس آج شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان عبدالعزیز سے ملاقات کریں گے۔
مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر محمود عباس اور ان کے مصری ہم منصب السیسی کے درمیان ہونے والی بات چیت میں قاہرہ کی ثالثی کے تحت طے پائے مصالحتی معاہدے، فلسطین کی تازہ ترین صورتحال اور امن بات چیت کی بحالی کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر صدر السیسی نے صدر عباس کو یقین دلایا کہ ان کا ملک فلسطینیوں میں پائے جانے والے اختلافات کو ختم کرنے اور قضیہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
صدر عباس اور السیسی کے درمیان ملاقات شرم الشیخ میں جاری ’عالمی یوتھ کلب‘ کے زیراہتمام ہونے والی پانچ روزہ کانفرنس کے دوران ہوئی۔ یہ کانفرنس 9 نومبر تک جاری رہے گی۔ السیسی نے فلسطینی صدر سے بات چیت کے دوران آزاد فلسطینی ریاست کےقیام کے لیے ہرممکن تعاون اور کوششیں جاری رکھنے کا یقین دلایا۔
