برائیٹون (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پراسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ پابندیوں کو توڑنے کے لیے عالمی بحری قافلہ اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ امدادی قافلے کا اگلا پڑاؤ برطانوی ساحلی شہر برائیٹون ہوگا جہاں اس کے استقبال کے لیے انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انسداد معاشی ناکہ بندی کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ غزہ کے لیے امدادی بحری قافلہ برطانیہ کی بندرگاہوں سے گذرے گا۔’سفیہ حریت‘ جس میں متعدد چھوٹی بڑی کشتیاں شامل ہیں جلد برطانیہ کے بعد غزہ کی جانب عازم سفر ہوگا۔ اس قافلے میں یورپ اور مسلمان ممالک سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں امدادی کارکن سوار ہیں۔
توقع ہے کہ امدادی قافلہ منگل کی شام پانچ جون برطانوی ساحل شہر برائیٹون پہنچے گا۔ آئندہ جمعہ 8 جون کو وہ شمالی اسپانیہ کے ساحل کی طرف روانہ ہوگا۔ برطانیہ اور اسپین سے بھی اس قافلے میں امدادی کشتیاں شامل ہوں گی۔
ادھر برطانیہ کےساحلی شہر برائیٹون میں عالمی امدادی قافلے کی آمد اور اس کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی لی گئی ہیں۔ سیکڑوں امدادی کارکن برائیٹون اور دوسرے شہروں میں محصورین غزہ کے لیے امداد جمع کرنے میں مصروف ہیں اور انہوں نے بڑی مقدار میں خشک خوراک ، طبی سامان اور ادویات جمع کی ہے۔