لندن – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) لندن کے میئر پاکستانی نژاد صادق خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دینے کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ القدس بارے فیصلے نے ثابت کردیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ سیاست میں جاھل مطلق ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پاکستان سے نشر ہونے والے ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ کو دیے گئے انٹرویو میں صادق خان نے کہا کہ القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینا انتہائی خطرناک اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے سے میں بہت پریشان ہوں ٹرمپ نےایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ سیاست سے نا بلد ہیں اور نہیں جانتے کہ اس اقدام کے کس قدر بھیانک نتائج آئیں گے۔
صادق خان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کےاقدام سے صرف فلسطین ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے مسلمان متاثر ہوں گے۔ القدس کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ مشرق وسطیٰ میں دیر پا قیام امن کی کوششوں سے وابستہ ہونا چاہیے۔
لندن کے میئر کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی مسلمانوں اور اسلام کے بارے میں سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
