مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے سرکاری ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ارض فلسطین پر صہیونی ریاست کے قیام کے بعد اب تک فلسطین میں صہیونیوں کی تعداد 86 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے ادارہ شماریات کی طرف سے یہ رپورٹ فلسطین پر صہیونی ریاست کےقیام کے 69 برس مکمل ہونے کے موقع پر جاری کی گئی ہے۔ اس وقت مقبوضہ فلسطینی شہروں میں آباد صہیونیوں کی تعداد6.484 ملین ہے۔ دوسرے الفاظ میں قیام اسرائیل کے بعد فلسطین میں صہیونی آبادی میں 10 گنا اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں 20.8 فی صد عرب فلسطینی آبادی ہے جس کی کل تعداد 18 لاکھ 80 ہزار ہے۔ ان میں 3 لاکھ 88 ہزار یعنی کل آبادی کا 4.5 فی صد عیسائی آبادی ہے۔ فلسطین میں 1 لاکھ 83 ہزار غیرملکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال میں ایک لاکھ 59 ہزار افراد کی تعداد کا اضافہ ہوا جو کل آبادی کا 1.9 فی صد ہے۔
صہیونی ریاست میں گذشتہ ایک سال کے دوران 1 لاکھ 74 ہزار بچے پیدا ہوئے جب کہ فوت ہونے والوں کی تعداد 44 ہزار درج کی گئی ہے۔ نئے پیدا ہونے والوں میں 75 فی صد Â صہیونیوں کے بچے ہیں۔
عمر کے اعتبار سے 35 فی صد افراد 18 سال سے کم عمر کے ہیں۔ 19 سے 64 سال کی عمر کے افراد کی تعداد 54 فی صد ہے جبکہ 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی تعداد کل آبادی کا گیارہ فیصد ہے۔
صہیونی آبادی میں44 فی صد سیکولر،11 فی صد مذہبی جب کہ 24 فی صد غیر مذہبی قدامت پسند ہیں، 12 فی صد کا دعویٰ ہے کہ وہ بنیاد پرست مذہبی صہیونی ہیں۔
