مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں قائم صیہونی بستیوں کی کونسل کے چیئرمین نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کالونیوں کو بائی پاس روڈ کے ذریعے باہم مربوط کرنے کے لیے مزید 80 کروڑ شیکل کے بجٹ کی منظوری دی ہے۔ امریکی کرنسی میں یہ رقم 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی عہدیدار ’آوی روئیٹ‘ نے ایک بیان میں کہا کہ غرب اردن کی تمام صیہونی کالونیوں کو ایک بائی پاس روڈ کے ذریعے باہم ملایا جا رہا ہے۔عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینل 10کے مطابق اسرائیل کی سخت گیرمذہبی جماعتوں نے وزیراعظم کو بائی پاس روڈ کی تعمیر کے لیے بجٹ منظور کرنے پرمجبور کیا ہے۔
بائی پاس روڈ کی آڑ میں فلسطینی شہریوں کی مزید اراضی کو غصب کیا جائےگا۔
دوسری جانب فلسطینی شہریوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے نام نہاد بائی پاس روڈ کو فلسطینی اراضی پر ڈاکہ ڈالنے کی نئی سازش قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صیہونی ریاست آئے روز اسی طرح کے نام نہاد منصوبوں کے تحت فلسطینیوں کی اراضی غصب کرکے اسے صیہونی آباد کاروں کے مفادات کے لیے استعمال کرتی ہے۔
