غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے نائب صدر ڈاکٹرموسیٰ ابو مرزوق نے کہا ہے کہ ان کی جماعت مصرکی قومی سلامتی کی خواہاں ہے اور جزیرہ سینا میں جلد قیام امن چاہتی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’مصر۔ فلسطین تعلقات کانفرنس‘ سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ابو مرزوق نے کہا کہ مصر کے ساتھ تعلقات فلسطین کی قومی ضرورت ہے۔ مصر کے ساتھ تعلقات ہی غزہ کے عوام کی بنیادی ضروریات کا ضامن اور خارجی دنیا کے ساتھ رابطے کا ذریعہ ہیں۔ اس لیے حماس مصر کے ساتھ تعلقات کو بہتر سے بہترین کی طرف لانے کے لیے کوشاں ہے۔ڈاکٹرموسیٰ ابو مرزوق کا کہنا تھا کہ حماس اور مصر کے درمیان تعلقات دونوں قوموں کی قومی سلامتی کے لیے بھی ضروری ہیں۔