فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دو روز قبل روس کے شہر سینٹ پیٹرس برگ میں عالمی پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپنے خطاب سے قبل کانفرنس میں موجود اسرائیلی وفد کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں بچوں کے قاتل اور غاصب کہا اور ان سے اجلاس سے نکل جانے کا مطالبہ کیا۔ ان کے اس مطالبے کے بعد صیہونی ریاست کا وفد اجلاس سے نکل گیا۔
حماس کے میڈیا سیل کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسماعیل ھنیہ نے مرزوق الغانم سے بات کرتے ہوئے ان کے روس میں صہیونی وفد کو نکال باہر کرنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے فلسطینی قوم کے حوالے سے پوری مسلم امہ کے ضمیر اور دل کی بات کی۔ ایسے فورم پر فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت اور قضیہ فلسطین کی حمایت کا اس سے بہتر انداز نہیں ہوسکتا۔ کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے فلسطینی قوم کے دل جیت لیے ہیں۔
حماس کے سربراہ نے عالمی فورم پر صیہونی وفد کی درگت پر کویتی اسپیکر کا شکریہ ادا کیا اور کیا کہ حماس اور پوری فلسطینی قوم، شہداء کے اہل خانہ، اسیران اور تمام مظؒلوم فلسطینیوں کو فخر ہے کہ ایک عالمی فورم پر مرزوق الغانم نے کلمہ حق ادا کیا اور دنیا کو بتایا کہ صیہونی غاصب اور فلسطینی قوم کے بچوں کے قاتل ہیں۔
دوسری جانب مرزوق الغانم نے حماس کے لیڈر کی طرف سے رابطہ کرنے اور ان کے اقدام کی تحسین کرنے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے روس میں عالمی پارلیمانی فورم پر جو کہا وہ میرا قومی اور آئینی فریضہ تھا۔
