غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ان خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قراردیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حماس اسرائیل کو تسلیم کرنے پرغور کررہی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں پرحماس نے اپنا باضابطہ رد عمل جاری کیا ہے جس میں واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حماس اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گی۔ اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا فیصلہ اصولی اور جماعت کا دیرینہ موقف ہے جسے کسی صورت میں انحراف نہیں کیا جاسکتا۔حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کئے جانے کی تمام اطلاعات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ ان افواہوں کا مقصد حماس کے کارکنان اور ہمدردی رکھنے والے شہریوں جماعت سے متنفر کرنا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ حماس اسرائیل کو ایک ناجائز اور قابض ریاست سمجھتی ہے جسے غیرقانونی طورپر ارض فلسطین پر قائم کیا گیا ہے۔ فلسطین کا چپہ چپہ صرف فلسطینی قوم کا ہے جس پراسرائیل کا کوئی حق نہیں۔
حماس رہنما نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق جعلی افواہوں اور دشمن کے پھیلائے منفی پروپیگںڈے پر کان نہ دھریں۔ نیز ذرائع ابلاغ بھی غیر مصدقہ اور من گھڑت کہانیوں کوحماس سے منسوب کرنے کے بجائے پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے مطابق حقائق کی روشنی میں خبریں شائع کریں۔