فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ میں پوزیشن ہولڈرطلباء طالبات کے اعزاز میں اسلامک بلاک کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر الزھارنے کہا کہ اسرائیلی دشمن کے ساتھ بات چیت کا ڈھونگ رچانے والوں کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دشمن اپنے تمام وسائل کے ذریعے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا مرتکب ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حماس قضیہ فلسطین کے کسی تصفیے کا حصہ نہیں بنے گی اور نہ مسلح جدو جہد سے دست بردار ہوگی۔
ڈاکٹر الزھار نے کہا کہ فلسطینی قوم اور قضیہ فلسطین کو جس طرح کے حالات کا سامنا ہے اس کا تقاضا ہے کہ ہم قضیہ فلسطین پر کسی قسم کا تصفیہ قبول کرنے سے انکار کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پورا فلسطین مقبوضہ ہے اور فلسطین قوم وطن عزیز کے ایک ایک چپےکو دشمن سے آزاد کرانے تک جدو جہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین مذاکرات سے آزاد نہیں ہوگا۔ فلسطینی قوم کو مسلح مزاحمت سمیت تمام محاذوں پر جدو جہد جاری رکھے۔
ڈاکٹر الزھار نے فلسطین میں طلباء کی تعلیم تربیت میں حماس کے طلباء ونگ اسلامک بلاک کی مساعی کی تعریف کی اور فلسطینی طلباء پر تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے اور تمام پیشہ وارانہ شعبوں میں مہارت تامہ کے حصول پر زور دیا۔
حماس رہنما کا کہنا تھا کہ دینی، اخلاقی اورقومی سمیت کسی بھی پہلو سے فلسطینی قوم اپنے وطن کی ایک بالشت سے بھی دست بردار نہیں ہوگی۔ ارض فلسطین سے دستبردار ہونے والوں کے ہاتھ کاٹ دیے جائیں گے۔
