غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے صہیونی آباد کاروں آباد کاروں کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ اور مسجد ابراہیمی کی مسلسل بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالم اسلام سے فلسطینی مقدسات کے دفاع کے لیے موثر حکمت عملی وضع کرنے پر زور دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان ایمن ابو خلیل نے ایک بیان میں کہا کہ صہیونی آباد کار مذہبی تہواروں کی آڑ میں فلسطینی مقدسات بالخصوص مسجد اقصیٰ اور ابراہیمی کی مسلسل بے حرمتی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں روزانہ کی بنیاد پر مسجد اقصیٰ اور مسجد ابراہیمی کی بے حرمتی کی جا رہی ہے۔ مسجد ابراہیمی میں کئی روز سے اذان اور نماز کی ادائیگی پر پابندی عائد ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مسجد ابراہیمی میں اذان اور نماز کی ادائیگی پر عائد صہیونی پابندیاں مسلمانوں کے مذہبی امور میں کھلم کھلا مداخلت اور مقدس مقامات کے بے حرمتی ہے۔ فلسطین کے مقدس مقامات کو لاحق خطرات پر فلسطین میں عوامی سطح پر بھی صہیونیوں کے خلاف تحریک چلانے اور عالم اسلام کی طرف سے موثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔
ایمن ابو خلیل نے کہا کہ صہیونی ریاست مسجد ابراہیمی کی طرح مسجد اقصیٰ کو بھی صہیونیوں اور فلسطینیوں میں زمانی اور مکانی اعتبار سے تقسیم کرنے کی سازشیں کر رہی ہے۔
ترجمان نے فلسطینی قوم پر زور دیا کہ وہ تمام دستیاب وسائل سے مسجد اقصیٰ اور مسجد ابراہیمی کا دفاع کریں اور صہیونی شرپسندوں کے ہاتھوں ان مقدس مقامات کی مسلسل بے حرمتی کی روک تھام کے لیے ملک احتجاج کے ساتھ دونوں بڑی مساجد کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط بنائیں۔
خیال رہے کہ مسجد ابراہیمیÂ میں گذشتہ تین روز سے فلسطینی مسلمانوں کا داخلہ بند ہے۔ عید العرش نامی صہیونی مذہبی تہوار کی آڑ میں صہیونیوں نے مسجد میں اذان اور نماز کی ادائیگی پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔
