بیروت (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے امریکی نائب صدر مائیک پینس کے دورہ مشرق وسطیٰ کو فلسطین پر امریکی پالیسی مسلط کرنے کا واضح پیغام قرار دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اپنے ایک بیان میں حماس رہنما نے کہا کہ جس طرح فلسطینی قوم نے متفقہ طورپرامریکی نائب صدر کا خیر مقدم مسترد کیا ہے، اسی شدت کے ساتھ ہمیں فلسطین پرامریکی پالیسی مسلط کرنے کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔حماس رہنما نے کہا کہ امریکا کے طاقت ور ہونے کے باوجود فلسطینی قوم اپنے ملک پر امریکی فیصلوں کو مسلط کرنےکی امریکی سازشیں ناکام بنا سکتی ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ سازشوں کا ہدف بیت المقدس اور فلسطین میں صیہونی آباد کاری ہے۔ فلسطین کے مسلمانوں اور مسیحی برادری کو مل کر القدس کے دفاع اور فلسطین میں صیہونی آباد کاری کو روکنا ہوگا۔
حماس نے عرب ارکان کنیسٹ کے احتجاج کا خیر مقدم کا ہے۔ حماس کے ترجمان فوزی برھوم کا کہنا ہے کہ اسرائیلی کنیسٹ میں عرب ارکان کنیسٹ کی طرف سے مائیک پینس کے خلاف احتجاج اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پوری فلسطینی قوم کا القدس کے معاملے میں موقف یکساں ہے۔
