دوحہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے عراق میں یرغمال قطری شہریوں کی بازیابی پر امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو مبارک باد پیش کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے سربراہ نے امیر قطر کوٹیلیفون پر عراق میں یرغمال شہریوں کی بازیابی پر مبارک باد پیش کی۔دونوں رہنماؤں کےدرمیان ہونے والی گفتگو میں باہمی دلچسپی کے امور پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
امیر قطر نے خالد مشعل کی طرف سے قطری شہریوں کی بازیابی پر تہنیتی پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ عراق میں ایک مسلح گروپ نے کئی قطری شہریوں کو یرغمال بنا لیا تھا۔ ایک سال سے زائد عرصے سے یرغمال بنائے گئے قطری باشندوں کو حال ہی میں بازیاب کرایا گیا جس کے بعد 26 قطری باشندوں کو خصوصی طیارے سے دوحہ لایا گیا۔
قبل ازیں عراقی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے 26 قطری ماہی گیروں کو مسلح گروپ کے قبضے سے چھڑا لیا ہے تاہم اغواء کرنے والے گروپ کی نشاندہی نہیں کی گئی۔
