فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو علی الصباح مصر کی سرحد سے متصل علاقے رفح میں پیش آیا۔
طبی ذرائع نے بتایا کہ فکری طور مںحرف ایک شدت پسند نے القسام کے سیکیورٹی کے ایک دستے کو خود کش حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 28 سالہ نضال جمعہ الجعفری شہید اور متعدد مجاھدین زخمی ہو گئے۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے فوجی بازو عزالدین قسام بریگیڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رفح گذرگاہ میں دہشت گردانہ بم دھماکے سے غاصب دشمن اور تکفیریوں کے خلاف مزاحمتی تحریک کی جدو جہد میں کوئی خلل واقع نہیں ہوگا۔
القسام بریگیڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بھی اپنے ایک کمانڈر کی شہادت کی تصدیق کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ الجعفری کی شہادت ایک سر پھرے شدت پسند کے خود حملے کے نتیجے میں ہوئی جس نے رفح کے علاقے میں حماس کے سیکیورٹی دستے کو نشانہ بنایا۔
حماس کے فوجی بازو عزالدین قسام بریگیڈ نے اس دہشت گردانہ واقعے کے ردعمل میں اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ فلسطینی قوم اور سرزمین فلسطین کے دفاع اور خطرات کے مقابلے میں تحریک مزاحمت کے پروگراموں کو آگے بڑھانے اور انتہاپسندوں کے انحرافی نظریات کا مقابلہ کرنے سے ہرگز باز نہیں آئے گا۔
ادھر فلسطینی وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم نے بتایا کہ یہ خطرناک واقعہ جمعرات کو علی الصباح پیش آیا۔
ترجمان نے بتایا کہ سیکیورٹی حکام نے مصر کی سرحد پر دو مشتبہ افراد کو شناخت کے لیے روکا۔ ان میں سے ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں خود کش بمبار ہلاک اور حماس کمانڈر شہید ہوگیا۔ دھماکے میں متعدد شہری زخمی ہوئے ہیں جنہیں یوسف النجار اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
