غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے غزہ کی پٹی میں صدر یحییٰ السنوار نے قطرکے بارے میں اپنے نام منسوب ذرائع ابلاغ میں شائع بیان کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے نام ایک جعلی بیان منسوب کیا جس کا ان کی ذات سے کوئی تعلق نہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے غزہ کی پٹی میں قائد نے کہا کہ ان کی جماعت اور پوری فلسطینی قوم قطری حکومت اور قوم کی ہمیشہ شکر گذار رہے گی۔ قطر نے مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت اور ہمارے عزم کی سپورٹ میں قائدانہ کردار ادا کیا۔خیال رہے کہ گذشتہ روز بعض عرب اخبارات میں یحییٰ السنوار کے نام منسوب ایک بیان شائع ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ قطر حماس اور فتح کے درمیان مصر کی ثالثی کے تحت طے پائے مفاہمتی معاہدے پر مایوس ہے۔ فلسطینیوں میں مصالحت کے بعد قطر اور حماس کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے۔
یحییٰ السنوار نے متنازع بیان کی وضاحت کی اور کہا کہ اخبارات میں قطر کے حوالے سے ان کے نام منسوب بیان من گھڑت ہے۔ انہوں نے حالیہ ایام میں کسی ملاقات میں ایسا کوئی تذکرہ سرے سے کیا ہی نہیں۔
حماس رہنما کا کہنا تھا کہ بعض ذرائع ابلاغ اور فلسطینیوں میں مصالحت کے مخالف عناصر غلط فہمیاں پیدا کرکے نہ فلسطینیوں کو ایک دوسرے سے دور کررہے ہیں بلکہ حماس اور عرب ممالک کے ساتھ تعلقات پر اثرا نداز ہونے کی مذموم کوششیں کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم قطر کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ قطر نے غزہ کی پٹی کے عوام کی اس وقت مدد کی جب اہالیان غزہ بدترین بحران اور مشکلات کا شکار تھے۔ قطر نے تمام تر علاقائی مسائل کے باوجود غزہ کی پٹی میں اپنے تعمیراتی اور ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رکھا ہوا ہے۔ حماس اور فلسطینی قوم قطر کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔
