غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) حماس کی پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ھانیہ کا کہنا ہے کہ غزہ مغربی کنارے سے کبھی علیحدہ نہیں ہوسکتا ہے۔ انہوں نے اپنی تحریک کی جانب سے قومی مفاہمت کی بحالی کے لئے اہم اقدام اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسماعیل ھانیہ نے یہ بیان غزہ کی یونیورسٹی آف فلسطین کی گریجوایشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔
حماس رہنما نے زور دیا کہ مسئلہ فلسطین کو درپیش مسائل کے حل کے لئے فلسطینی مفاہمت کو مکمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
اسماعیل ھانیہ کا مزید کہنا تھا کہ "خطے کی تمام اضطراب کے دوران مسئلہ فلسطین فلسطینی قوم کے لئے ایک قطب نما کی حیثیت رکھتا ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ ان کی تحریک علاقائی طاقتوں کے ساتھ تعلقات میں بہتری لانا چاہتی ہے۔
