فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے مقرب ذرائع نے بتایا کہ مصر کے خصوصی دورے پر روانہ ہونے والے وفد کی قیادت اسماعیل ھنیہ کررہے ہیں جب کہ وفد میں غزہ میں حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار، ان کے نائب خلیل الحیہ، سیاسی شعبے کے رکن روحی مشتہی شامل ہیں۔ قاہرہ میں ہونے والی ملاقاتوں میں حماس کی بیرون ملک مقیم قیادت کا وفد بھی شامل ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ گذشتہ مئی میں حماس کے سیاسی شعبے کا سربراہ منتخب ہونے کے بعد اسماعیل ھنیہ کا یہ پہلا غیرملکی دورہ ہے۔
اسماعیل ھنیہ کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کا وفد مصری حکام کے ساتھ دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرے گا۔ اس کے علاوہ پچھلی ملاقاتوں میں طے پائے امور کو آگے بڑھانے اور ان پر عمل درآمد کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ دورے کا اہم مقصد غزہ کی پٹی کے عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور غزہ کی بیرونی گذرگاہ رفح کو کھولنا شامل ہے۔
