غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے اسرائیل کو عالمی دہشت گرد ریاست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی ریاست کا فلسطین میں کوئی مستقبل نہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شہید فلسطینی اسماعیل ابو ریالہ کی نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ غزہ پر اسرائیلی فوج کی روز مرہ کی بنیاد پر جاری بمباری کا ہدف غزہ کے عوام پرعرصہ حیات تنگ کرنا اور فلسطینی عوام کو سکھ کا سانس لینے سے محروم رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل ہرلحظہ اور ہرلمحہ منظم ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ بغیر کسی خوف کے صیہونی ریاست فلسطینی عوام کے خلاف منظم ریاستی دہشت گردی کی مرتکب ہو رہی ہے۔
اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب فلسطین کا بحر وبر اور فضا صیہونی دشمن کے قبضے سے آزاد ہوں گے۔ سمندر ہمارا، القدس ہمارا اور خشکی اور تری سب ہماری ہے۔ وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ کسی قسم کے بنیادی حقوق ختم نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی ریاست اپنے تکبر اور طاقت کے گھمنڈ سے اپنی مرضی کی حدود تشکیل دینے اور حقائق پر ضرب لگانے کی کوشش کررہی ہے۔
اسماعیل ھنیہ نے مزید کہا کہ اسرائیلی دشمن فلسطینی قوم کو بھوک اور افلاس کا شکار کرکے اپنے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل ہماری ناکہ بندی کررہا ہے مگرہماری عزت وناموس کی ناکہ بندی نہیں کرسکتا۔ ہمارے عزائم کو شکست نہیں دی جاسکتی۔ فلسطین کو قوم کو ان کے وطن سے الگ کرنے اور انہیں طاقت کے ذریعے ختم کرنے کی کوئی سازش نہ ماضی میں کامیاب ہوئی اور نہ آج اور نہ ہی کل ہوسکتی ہے۔
