دوحہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن ڈاکٹر موسٰ ابو مرزوق نے گذشتہ روز قطر میں متعین روسی سفیر نور محمد خولوف سے ملاقات کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس رہنما نے دوحہ میں قائم روسی سفارت خانے میں روسی سفیرنور محمد خولوف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ حماس رہنما نے روسی سفیر کو حماس اور فتح کے درمیان مصر کی ثالثی کے تحت طے پائے مصالحتی معاہدے کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر حماس رہنما نے کہا کہ ان کی جماعت فلسطینی قوم کے مفادات کے لیے کھلے پن کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ تمام فریقین کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔
ادھر دوسری جانب روسی سفیر نے فلسطینیوں میں اختلافات کے خاتمے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماسکو فلسطینیوں کے درمیان اتحاد کی مساعی کا خیر مقدم کرتا ہے۔
خیال رہے کہ حماس اور فتح کے درمیان گذشتہ ہفتے مصر کی زیرنگرانی مصالحتی معاہدہ طے پایا ہے۔ اس معاہدے کے تحت غزہ کی پٹی اور غرب اردن کے انتظامی امور قومی حکومت کو سپرد کیے گئے ہیں۔
