غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے صیہونی پارلیمینٹ کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف منظور کئے جانے والے قانون پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی پارلیمینٹ فلسطینیوں کی تحریک انتفاضہ کو روکنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت نے بدھ کے روز ایک قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت فلسطینی شہدا کی لاشوں کو ان کے اہل خانہ کے حوالے کئے جانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم القاسم نے اس قانون پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صیہونی پارلیمینٹ میں اس قانون کی منظوری صیہونی حکومت کی نسل پرستی کا ثبوت اور تمام بین الاقوامی قوانین کو نظرانداز کئے جانے کے مترادف ہے۔
انھوں نے کہا کہ غاصب و جارح صیہونی حکومت کے خلاف فلسطینی عوام کی پرجوش تحریک انتفاضہ تمام فلسطینی علاقوں کی آزادی تک جاری رہے گی۔
