نابلس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے سے تعلق رکھنے والے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ایک مقامی رہنما عدنان عصفور کو ڈیڑھ سال کے بعد جیل سے رہا کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عدنان عصفور غرب اردن کے شمالی شہر نابلس سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے اہل خانہ نے بتایا کہ عدنان عصفور کو اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز جیل سے رہا کیا ہے۔ ان کی رہائی کا فیصلہ ایک ہفتہ قبل کیا گیا تھا تاہم صیہونی حکام رہائی میں دانستہ ٹال مٹول کررہے تھے۔ یہ اطلاعات بھی آئی تھیں کہ اسرائیلی انٹیلی جنس حکام ان کی مدت حراست میں مزید توسیع کی کوشش کررہے ہیں۔خیال رہے کہ عدنان عصفور حالیہ 19 ماہ قید کے بعد رہا ہوئے ہیں۔ انہیں انیس ماہ تک انتظامی قید میں رکھا گیا تھا۔ تاہم وہ اب تک 11 سال اسرائیلی جیلوں میں قید وبند کی صعوبتیں جھیل چکے ہیں۔
