غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) ہزاروں فلسطینیوں نے صیہونی حکومت کی جانب سے غزہ پٹی کا محاصرہ جاری رہنے کی بنا پر اس علاقے میں انتہائی خراب انسانی صورت حال پیدا ہونے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ پٹی کے شمال میں واقع جبالیا کیمپ میں ہونے والے اس مظاہرے کی کال جمہوری محاذ برائے آزادی فلسطین نے دی تھی۔ جس میں غزہ پٹی میں انتہائی خراب انسانی صورت حال خاص طور پر بجلی کی طویل بندش کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ صیہونی حکومت نے دو ہزار چھ سے غزہ پٹی کا سخت محاصرہ کررکھا ہے اور وہ اس علاقے میں ایندھن، ادویات، بلڈنگ میٹریل اوردیگر اشیا لانے کی اجازت نہیں دیتی ہے۔غزہ پٹی کا محاصرہ طویل ہونے، اس علاقے کے عوام پر صیہونی حکومت کے دباؤ میں بےپناہ اضافے اورغذائی اشیا اور ادویات سمیت بنیادی ضروریات کی اشیا میں شدید کمی کی وجہ سے غزہ پٹی کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔