غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں دو بڑی جماعتوں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور فتح کے درمیان مصالحتی معاہدہ طے پانے کے بعد عالمی وفود کی غزہ کی پٹی میں آمد ورفت کا آغاز ہوگیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کل منگل کو یورپی ملکوں فرانس اور اٹلی کے وفود، جمہوریہ چیک اور ترکی کے سفیروں نے غزہ کا دورہ کیا۔فلسطینی گذرگاہ امور کے ترجمان ھشام عدوان نے بتایا کہ یورپی یونین، فرانس اور اٹلی کے وفود گذشتہ روز غرب اردن کے راستے غزہ داخل ہوئے۔ کچھ وقفے سے فلسطینی اتھارٹی کے ہاں متعین ترکی اور جمہوریہ چیک کے سفیروں نے بھی ’بیت حانون‘ گذرگاہ سے غزہ کا دورہ کیا۔
غیرملکی وفود کی غزہ کی پٹی آمد ورفت کا سلسلہ ایک ایسے وقت میں شروع ہوا ہے جب فلسطینی جماعتوں حماس اور فتح نے بارہ سال اختلافات بھلا کرحال ہی میں مصر کی زیرنگرانی ایک مصالحتی معاہدہ کیا ہے۔
