غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی انتظامیہ نے غزہ کی پٹی کے اسپتالوں کو ’اینستھیزیا‘ کے لیے ‘نیٹروز‘ نامی گیس کی سپلائی بحال کرنے کی اجازت دی ہے۔ اسرائیلی حکام نے ایک ماہ قبل اس گیس کی غزہ کو سپلائی روک دی تھی جس کے بعد اس کی سپلائی بحال کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت اور دوسرے بین الاقوامی اداروں کے دباؤ کے بعد اسرائیل نے غزہ کی پٹی کو اینستھیزیا‘ گیس کی سپلائی بحال کردی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ گذشتہ روز غزہ کی پٹی کو تین ہزار 800 کلو گرام ’نیٹروز‘ گیس موصول ہوئی ہے جو دو ماہ کے لیے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کی طرف سے مسلسل تیس روز تک غزہ کے اسپتالوں کو نیٹروز گیس بند کیے رکھی تھی۔ ڈاکٹرف القدرہ نے نیٹروز گیس کی سپلائی بحال کرانے میں عالمی ادارہ صحت اور دیگر بین الاقوامی اداروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔