غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج نے متعدد مقامات پر توپ خانے سے گولہ باری کی جس کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ میں المغازی پناہ گزین کیمپ کےمشرق میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کےعسکری ونگ القسام بریگیڈ کے دو مراکزپر توپ خانے سے متعدد گولے داغے۔نامہ نگار نے بتایا کہ مشرقی المغازی کیمپ میں بھاری اسلحہ سے شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دی گئی ہیں۔ اس کےبعد دو زور دار دھماکے ہوئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے القسام بریگیڈ کے دو کمپاؤنڈز کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ تاہم اس کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اخبار یدیعوت احرونوت کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی سے اسرائیلی فوج پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے بعد سرحدی باڑ کے قریب سے فلسطینی مزاحمت کاروں کے مراکز پر گولہ باری کی گئی۔
حماس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جماعت کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے دو کیمپوں کو توپ خانے سےنشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا۔