غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ میں اسرائیلی فوج کی طرف سے داغا گیا ایک مشکوک گولہ پھٹنے سے کم سے کم سات فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ناکارہ گولہ زور دار دھماکے سے پھٹنے کا واقعہ اتوار کے روز وسطی غزہ میں ’المغراقہ‘ کے مقام پر پیش آیا۔فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے پہلے کسی وقت داغا گیا گولہ ایک مکان کے ملبے کے نیچے سے ملا جو اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں کم سے کم سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔ تمام زخمیوں کو دیر البلح کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان میں سے بعض کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق زخمی ہونے والے سات فلسطینیوں میں تین بچے شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زور دار دھماکے سے پھٹنے والا گولہ توپ سے المغراقہ کے مقام پر داغا گیا تھا۔ گولہ پھٹنے سے ایک 15 سالہ بچے تامر ابو جبل کا بازو کٹ گیا اور جسم کے باقی حصوں پربھی گہرے زخم آئے ہیں۔