غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی انتظامیہ نے غزہ کی پٹی میں سنہ 2014ء کی جنگ کے دوران اسرائیلی بمباری سے تباہ ہونے والے ڈیڑھ ہزار مکانات کی تعمیر کے لیے ’GRM ‘ پروگرام کے تحت Â تعمیراتی مواد غزہ لے جانے کی اجازت دے دی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ میں وزارت ہاؤسنگ وپبلک امور کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے مندوب رابرٹ سیری نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں جنگ سے متاثرہ 1500 گھروں کی تعمیر نو کے لیے ’جی آر ایم‘ پروگرام کے تحت تعمیراتی سامان لے جانے کی اجازت دی ہے۔خیال رہے کہ GRM پروگرام غزہ کی پٹی میں تعمیراتی سامان لے جانے کی تفصیلات، بیانات، اسرائیلی انتظامیہ کی مانیٹرنگ اور تعمیراتی منصوبوں کی تفصیلات کو مربوط رکھتا ہے۔ اس پروگرام کے توسط سے اسرائیل کو غزہ میں تعمیراتی میٹیریل لے جانے کی درخواست کی جاتی ہے اور فلسطینی اتھارٹی کی منظوری کےبعد غزہ کی پٹی کو تعمیراتی مواد مہیا کیا جاتا ہے۔
غزہ میں وزارت ہاؤسنگ کے سیکرٹری ناجی سرحان نے بتایا کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں گذشتہ جنگ سے متاثرہ ڈیڑھ ہزار مکانات کی تعمیر کے لیے تعمیراتی سامان لے جانے کی اجازت دے دی ہے۔ چھ ماہ قبل اسرائیل نے غزہ کو تعمیراتی مواد کی ترسیل روک دی تھی۔